|
کرزئی امریکی اور کیمرون بھارتی زبان بول رہے ہیں حکومت سخت موقف اختیار کرے‘ڈاکٹر سید وسیم اختر |
|
|
ہفتہ, 31 جولائی 2010 18:12 |
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ افغان صدرحامدکرزئی امریکی اوربرطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بھارتی زبان بول رہے ہیں‘ حکومت وقت سخت موقف اختیار کرے۔برطانوی وزیر اعظم کا بیان سفارتی آداب کے منافی اور بھارتی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔کیمرون کے بیان پر برطانوی ہائی کمیشنر کو فی الفوردفترخارجہ طلب کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ احتجاجاً جنرل پاشاکا دورہ برطانیہ منسوخ کرناخوش آئند ہے۔صدر زرداری بھی برطانیہ کادورہ منسوخ کرکے اس بات کا ثبوت دیں کہ وہ18کروڑغیور عوام کے صدر ہیں صرف پیپلز پارٹی کے نہیں۔پاکستان آج حالت جنگ میں ہے اور ہم یہ جنگ امریکہ اور یورپ کو محفوظ کرنے کے لیے لڑرہے ہیں۔امریکہ اور یورپ کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری رکھنا انتہائی افسوس ناک ہے۔انہوںنے کہا کہ جنوبی ایشیاءاور پاکستان کا مفاد اسی میں ہے کہ امریکی نام نہاد جنگ کو خیر باد کہہ دیا جائے ۔اور اپنی داخلی و خارجی پالیسیوں کوعوام کی امنگوں کے مطابق ترتیب دیاجائے۔کرزئی،کیمرون الزم تراشی حکومتی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔حکومت وقت عالمی سطح پر پاکستان کا درست طریقے سے موقف پیش نہیں کرسکی۔ حکمرانوں کی غیر مقبول پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ ہم پرحکمرانی کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکہ اور اسکے اتحادی افغانستان میں شکست سے دوچار ہیں وہ واپسی کی راہیں تلاش کررہے ہیں” پاکستان پر دباﺅ بڑھا کر مزید پھنسا دیاجائے اور خود خطے کو چھوڑدیاجائے“کی پالیسی بالکل عیاں ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کابیڑہ غرق ہوچکاہے۔پاک فوج کے تین ہزار جوان شہیدہوچکے ہیں۔آئی ایس آئی پر الزامات لگاناپاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کی برطانوی وزیراعظم کے بیان پر خاموشی معنی خیز ہے۔
|